باب

1 اناج کے نذرانے اگر کوئی شخص نَذر کی قُربانی خداوند کے لئے لائے تو اُس کی قُربانی میدہ کی ہو۔ تو اُس پر وہ تیل ڈالے اور اُس کے اُوپر لوبان رکھے۔ 2 اور اُسے ہارُون کے بیٹوں کے پاس جو کاہن ہیں لائے۔ تو اُن میں سے ایک میدہ اور تیل میں سے مع سب لوُبان کے مُٹھی بھر لے۔ اور اُس کی یادگار کے لئے مذبح پر جلائے۔ کہ خوشبودار آتشین قُربانی خداوند کے لئے ہو۔ 3 اور جو نذر میں سے باقی رہے۔ وہ ہارون اور اُس کے بیٹوں کا ہوگا۔ کیونکہ یہ خداوند کی آتشین قُربانیوں کا پاک ترین حصہ ہے۔ 4 اور اگر تو نذر کی قُربانی تنُور کی پکی ہوئی چیز لائے تو تیل میں ملے ہوئے میدے کے بے خمیری چپاتیاں تیل سے چُپڑی ہوئی ہوں گی۔ 5 اگر تیری نذر کی قُربانی توے پر کی چیز ہو۔ تو وہ تیرے تیل میں ملے بے خمیری میدے کی ہوگی۔ 6 تو اُسے ٹکڑوں میں توڑنا اور اُس پر تیل ڈالنا۔ کیونکہ یہ نذر کی قُربانی ہے۔ 7 اگر تیری نذر کی قُربانی کڑاہی کی چیز ہو۔ تو تیل میں ملے ہوئے میدہ کی بنائی جائے۔ 8 اور قُربانی جو تو نے اِس طرح بنائی ہے۔ خداوند کے لئے لا۔ اور کاہن کے آگے رکھ دے وہ اُسے لے کر مذبح پر چڑھائے۔ 9 اور کاہن اِس قُربانی میں سے کچھ اُس کی یادگار کے لئے لے اور اُسے مذبح پر جلائے۔ کہ خُوشبو دار آتشین قُربانی خُداوند کے لئے ہے۔ 10 اور جو کچھ قُربانی سے بچ رہے وہ ہارون اور اُس کے بیٹوں کا ہوگا۔ کیونکہ وہ خُداوند کی آتشین قُربانیوں میں سے نہایت مقدس ہے۔ 11 کوئی نَذر کی قُربانی جو تم خداوند کے لئے لاؤ۔ خمیر سے نہ بنائی گئی ہو۔ کیونکہ خمیر اور شہد خداوند کی آتشین قُربانی کے لئے جلایا نہ جائے گا۔ 12 تم اُنہیں پہلے پھلوں کی قُربانی کے لئے لا سکتے ہو۔ پر وہ خوشبو کے لئے مذبح پر چڑھائی نہ جائیں۔ 13 اور تو اپنی نذر کی قُربانیوں کو نمک سے نمکین کرے گا۔ اور تو اپنی نذر کی قُربانی کو نمک سے جو تیرے خدا کا عہد ہے۔ خالی نہ رہنے دے گا۔ اپنی سب قُربانیوں کے ساتھ تو نمک بھی چڑھائے گا۔ 14 اگر تُو پہلے پھلوں میں سے خداوند کے لئے نذر کی قُربانی لائے تو اناج کی ہری بالیں آگ سے بھونی ہوئی اور اُس کے کُرٹے ہوئے دانے پہلے پھلوں کی قُربانی کی طرح لائے گا۔ 15 اور تُو اُس پر تیل ڈالے گا۔ اور اُس پر لوبان رکھے گا کیونکہ وہ نذر کی قُربانی ہے۔ 16 تب کاہن اُس کی یادگار کے لئے دانوں میں سے اور تیل میں سے کچھ تمام لوبان کے ساتھ خداوند کی آتشین قُربانی کے لئے جلائے گا۔