باب

1 سوختنی قُربانی اور خُداوند نے موسیٰ کو بلایا۔ اور خیَمہ اجتماع سے اُس سے کہا۔ 2 کہ بنی اِسرائیل سے خطاب کر اَور اُن سے کہہ کہ ہر شخص جوتُم میں سے خُدا کے لئے چوپایوں میں سے قُربانی لائے۔ تو گائے بَیل یا بھیڑ بکری کی قُربانی لائے۔ 3 اگر اُس کی گائے بَیل کی قُربانی سوختنی ہو۔ تو بے عیب نَر ہو۔ اُسے خیمہ اجتماع کے دروازہ کے پاس لائے۔ تاکہ خداوند کے آگے منظورِ نظر ہو۔ 4 اَور سوختنی قُربانی کے سر پر اپنا ہاتھ رکھے۔ اَور اُس سے وہ کَفّارہ کے لئے مقبُول کی جائے گی۔ 5 بعد اَزاں وہ خدا کے سامنے اُس بچھڑے کو ذَبح کرے۔ اَور ہارُون کے بیٹے جو کاہن ہیں خون کو لیں اور اُسے مذبح پر جو خیمہ اجتماع کے پاس ہے گردا گرد چھڑکیں۔ 6 اور وہ سوختنی قُربانی کی کھال کھینچے اور اُس کے اعضا کے ٹکڑے ٹکڑے کرے۔. 7 اور ہارون کے بیٹے جو کاہن ہیں مذبح پر آگ رکھیں اور اُس پر لکڑی ترتیب سے چُنیں 8 اور ہارُون کے بیٹے جو کاہن ہیں اُس کے کٹے ہوئے ٹکڑوں کو اور سر کو اور چربی کو آگ پر جو مذبح پر ہے ترتیب سے رکھ دیں۔ 9 اور اُس کی انتڑیاں اور اُس کے پاوں پانی سے دھو جائیں۔ اور کاہن سب کچھ مذبح پر جلائے۔ کہ یہ سوختنی قُربانی اور خداوند کی خوشبودی کے لئےآتشین خوشبو دار قُربانی ہوگی۔ 10 اور اگر اُس کی قُربانی بھیڑ یا بکری کے گلے سے سوختنی قُربانی ہو۔ تو وہ بے عیب نر لائے۔ 11 اور اُسے مذبح کے شمال کی طرف خداوند کے آگے ذبح کرے اور ہارون کے بیٹے جو کاہن ہیں اُس کے خون کو مذبح پر اُس کے گرداگرد چھڑکیں۔ 12 اور وہ ا ُس کے اعضاکے ٹکڑے ٹکڑے کرے اور اُس کا سر اور چربی الگ کرے۔ اور کاہن اُنہیں مذَبح کی آگ پر ترتیب سے چُنی ہوئی لکڑیوں پر رکھیں۔ 13 اور وہ اُس کی انتڑیاں اور پائوں پانی سے دھوئے۔ اور کاہن اِن سب کو چڑھائے۔ اور مذبح پر جلائے۔ کہ یہ سوختنی قُربانی اور خداوند کی خوشنودی کے لئے آتشین خوشبو دار قُربانی ہوگی۔ 14 اور اگر اُس کی قُربانی خُداوند کے لئے سوختنی قُربانی پرندوں سے ہوا۔ تو اُس کی قُربانی فاختائیں یا کبوتر کے بچوں کی ہوگی۔ 15 تو کاہن اُسے مذَبح پر چڑھائے۔ اور اُس کا سر مروڑ دے۔ تب اُسے مذبح پر جلائے اور اُس کا خون مذبح کے کنارے پر نچوڑے۔ 16 اور اُس کے پوٹے کو آلائش سمیت نکال کر مذبح کی مشرق کی طرف راکھ کی جگہ پر ڈال دے۔ 17 اور اُس کے دونوں بازُوں کو چیرے۔مگر الگ نہ کرے۔ اور کاہن اُسے مذبح پر لکڑیوں کے اُوپر آگ پر جلائے۔ کہ یہ سوختنی قُربانی اور خداوند کی خُوشنودی کے لئے آتشین خوشبو دار قُربانی ہوگی۔