باب

1 ہاں۔ اِس کے سبب سے میرا دِل کانپتا ہے اَور اپنی جگہ سے ہِل جاتا ہے۔ 2 اُس کی آواز زَمزمہ غور سے سُنو اَور اُس صدا کو بھی جو اُس کے مُنہ سے نِکلتی ہے۔ 3 وہ اُسے کُل افلاک کے نیچے بھیجتا ہے اَور اُس کی روشنی زمین کی اِنتہا تک پُہنچتی ہے۔ 4 اُس کے بعد اُس کی آواز گرجتی ہے۔ وہ اپنی پُر جلال آواز سے گرجتا ہے۔ وہ بجلیوں کی کڑک کو نہیں روکتا جب اُس کی آواز سُنی جاتی ہے۔ 5 خُدا اپنی پُر جلال آواز سے گرجتا اور بڑے بڑے کام کرتا ہے جنہیں ہم نہیں سمجھتے۔ 6 وہ برف سے کہتا ہے کہ تُو زمین پر گِر۔ اَور میِنہ کی پھوہار سے کہ بہ شِدّت ہو۔ 7 وہ ہر آدمی کا ہاتھ کام کرنے سے روک دیتا ہے تاکہ سب لوگ جن کو اس نے بنایا ہے اس کے کاموں کو جان لیں۔ 8 تب جنگلی حیوان اپنی غاروں میں گُھستے ہیں۔ اَور اپنی جگہوں میں پڑے رہتے ہیں۔ 9 طُوفان جنُوب کے مَخزن سے اَور سردی شِمال سے آتی ہے۔ 10 خُدا کے دَم سے برف جم جاتی ہے۔ اور پانی کی توسیع دھات کی طرح منجمد ہو جاتی ہے۔ 11 پھر وہ بادِل کو نمی سے پُر کرتا ہے اَور گھٹا اُس کی روشنی سے پھیلاتا ہے۔ 12 تو وہ اُس کی ہِدایت کے مُطابِق چاروں طر ف پھرتی ہے۔ تاکہ جو کُچھ اُس نے رُؤئے زمین پر حُکم دِیا ہے۔ 13 سب کُچھ بجا لائے۔ اگر تنبہیہ کے لئے ہو تو اُسی کی مرضی بجا لاتی ہے۔ اگر رحمت کے لئے ہو تو بھی انجام تک پُہنچتی ہے۔ 14 اَے اَیُّوبؔ یہ بات سُن۔ چُپکا رہ اَور خُدا کے عجائبات پر غور کر۔ 15 کیا تُو جانتا ہےخُدا کیونکر قائم کرتا ہے اَور کیسے اپنے بادل سے بجلی کو چمکاتا ہے؟ 16 کیا تُو بادِلوں کی ہم وزنی کو اَور بے داغ کے عجائبات کو جانتا ہے؟ 17 تیرے کپڑے کِس طرح گرم ہوتے ہَیں جس وقت کہ جنُوبی ہَوا سے زمین کو آرام مِلتا ہے۔ 18 کیا تُو نے اُس کے ساتھ آسمان کو پھیلایا ہے۔ جوڈھالے ہُوئے آئینے کی طرح مضبُوط ہے۔ 19 ہمیں بتا۔ کہ ہم اُس سے کیا کہیں۔ کیونکہ ذہنی تارِیکی کے باعث ہم اُس سے بحث نہیں کر سکتے۔ 20 کیا اُس سے وہ کہا جائے گا جو مَیں کہتا ہُوں؟ یقیناً اگر کوئ اِنسان ایسا کہے تو وہ نِگلا جائے گا؟ 21 اَب تو نُور نہیں دیکھا جاتا ہے۔ وہ بادلوں میں چُھپا ہُؤا ہے۔ مگر ہَوا چلی اَور اُنہیں صاف کر گئی۔ 22 شِمال کی طرف سے سنہری چمک آئی۔ خُدا کی حشمت ہیبت ناک ہے۔ 23 ہم قادرِ مُطلِق کی باتوں کو سمجھ نہیں سکتے۔ اُس کی قُدرت اَور عدل عظیم ہَیں۔ وہ حَق کہیں نہیں بِگاڑتا۔ 24 اِس لئے لوگ اُس سے ڈرتے ہیں وہ اُن پر توجہ نہیں دیتا جو اپنے آپ کو دانا سمجھتے ہیں۔