باب

1 الیہو کا غضب اب ان تینوں آدمیوں نے ایوب کو جواب دینا چھوڑ دیا۔کیونکہ وہ اپنی ہی نگاہ میں راست باز تھا۔ 2 تب راؔم کے خاندان کے اِلیہو بِن براکیل بُوزی کا غُصّہ بھڑکا۔ اُس کا اَیُّوبؔ پر غُصّہ بھڑکا اِس لئے کہ اُس نے اپنے آپ کو خُدا سے زیادہ راست باز ٹھہرایا تھا۔ 3 اَور اُس کا غُصّہ تینوں دوستوں پر بھی بھڑکا۔ اِس لئے کہ اُن کے پاس جَواب نہ تھا اَور اُنہوں نے ایوب کو مُجرم ٹھہرایا تھا۔ 4 اَور اِلیہؔوُ اَیُّوبؔ کے ساتھ باتیں کرنے کے لئے اِنتظار کرتا رہا تھا۔ کیونکہ وہ عُمر میں اُس سے بڑے تھے۔ 5 جب اِلیہُونے دیکھا کہ اُن تینوں آدمیوں کے مُنہ میں جَواب نہیں رہا۔ تو اُس کا غُصّہ بھڑک اُٹھا۔ 6 الیہو کی پہلی تقریر اَور ِالیہُو براکیل بُوزی نے کہا کہ مَیں عُمر میں چھوٹا ہُوں۔ اَور تُم بزُرگ ہو۔ اِس لئے مَیں ڈرا اَور باز رہا۔ کہ اپنی رائے تُم پر ظاہر کَروں۔ 7 مَیں نے کہا کہ دن بولیں اَور برسوں کی کثرت دانِش سکھائے۔ 8 غرض اِنسان میں رُوح ہے۔ اَور قادرِ مُطلِق کا دَم اُسے فہم دیتا ہے۔ 9 صرف بڑے ہی عقل مند نہیں ہوتے ۔ صرِف بزرُگ ہی اِنصاف کو نہیں سمجھتے۔ 10 اِس لئے مَیں کہتا ہُوں کہ میری سُنو۔ مَیں بھی اپنی رائے دوں گا۔ 11 دیکھو مَیں نے تُمہارے بولتے رہنے تک اِنتظار کِیا ہے۔ اَور جب تک تُم اِلفاظ کی تلاش میں تھے مَیں تمہارے دلائل سُنتا گیاہُوں۔ 12 مَیں تُمہاری طرف خوُب مُتوجّہ رہا لیکن تُم میں کوئی بھی نہیں جو اَیُّوبؔ کو قائل کرتا یا اُس کی باتوں کا جَواب دیتا۔ 13 تاکہ تُم یہ نہ کہو ۔ کہ ہم نے دانِش کو حاصل کر لیاہے۔خُدا ہی اُسے لاجواب کر سکتا ہے نہ کہ اِنسان۔ 14 کیونکہ تو نے مُجھے اپنی باتوں کا نشانہ نہیں بنایا۔ اَور مَیں اُسے تُمہاری تقریروں سا جَواب نہیں دُوں گا۔ 15 وہ حیران ہیں اَور جَواب نہیں دیتے اور بولنے سے بازآگئےہیں۔ 16 کِیا میں اِنتظار کروں کیونکہ وہ بولتے نہیں۔ کیونکہ وہ رکے ہوئےہیں اورجواب نہیں دیتے۔ 17 اب مَیں نہیں اپنی باری میں جَواب دیتا ہُوں ۔اَور اپنی رائے ظاہر کرتا ہُوں۔ 18 کیونکہ میں باتوں سے بھرا ہُوا ہُوں۔ اَور میرے اندر کی رُوح مُجھے مجبُور کرتی ہے۔ 19 میرا پیٹ اُس مَے کی مانند ہے جس میں نِکلنے کی راہ نہیں۔ وہ نئی مَے کی مَشکوں کی طرح پھٹ جانے کے قریب ہے۔ 20 مَیں ضرُور بولوُں گا۔ تاکہ مُجھے سکون مِلے۔ مَیں اپنے لب کھولوں گا اَور جَواب دُوں گا۔ 21 مَیں اِنسان کا لحاظ نہ کرُوں گا اَور نہ آدمی کو خُوشامد کرُوں گا۔ 22 کیونکہ مَیں خُوشامد کرنا نہیں جانتا ۔ ورنہ میرا خالِق مُجھے فوراًاُٹھا لیتا۔