باب

1 حکمت کی تعریف یقیناً چاندی کی کان ہوتی ہے اَور سونے کے لئے جگہ ہوتی ہے۔ جہاں وہ صاف کِیا جاتا ہے۔ 2 لوہا زمین میں سے نِکالا جاتا اَور پیتل پتّھر میں سے گلّایا جاتا ہے۔ 3 اِنسان تارِیکی کی تہہ تک پُہنچتا ہے اَ ور اندھیرے اَور مَوت کی اِنتہا تک پتّھروں کی تلاش کرتاہے۔ 4 آبادی سے دُور وہ سُرنگ لگاتا ہے۔ آنے جانے والوں کے پاؤں سے بے خبر اَور لوگوں سے دُور وہ لٹکتے اَور جُھولتے ہَیں۔ 5 جس زمین سے خُوراک پیدا ہوتی ہے وہ اپنے اندر گویاآگ سے انقلاب ہوتا رہتا ہے۔ 6 اُس کے پتّھروں میں نیلم ہے۔ اَور اُس میں سونے کے ذَرّے پائے جاتے ہَیں۔ 7 اُس راہ کو کوئی شِکاری پرندہ نہیں جانتا اَور باز کی آنکھ نے اُسے نہیں دیکھا ہے۔ 8 درِندوں نے اُس پر قدم نہیں رکھا اَور شیر اُس پر نہیں چلا۔ 9 وہ اپنے ہاتھ چقماق کی چٹان کی طرف پھیلاتا ہے اَور پہاڑوں کو اُن کی جڑوں سے اُلٹ دیتا ہے۔ 10 وہ چٹانوں میں سے دریا کاٹتا ہے۔ اَور اُس کی آنکھ ہر ایک قیمتی چیز دیکھتی ہے۔ 11 وہ ندیوں کو بہنے سے روکتا ہے۔ اَور پوشیدہ چیزیں روشنی میں لاتا ہے۔ 12 مگر حِکمَت ۔ کہاں پائی جاتی ہے۔ اَور عقل کا مقام کہاں ہے۔ 13 اِنسان اُس کی قدر نہیں جانتا۔ اَور وہ زِندوں کی سَرزمین میں موجُود نہیں۔ 14 گہراؤ کہتا ہے کہ خالص سونے کے زیور مُجھ میں نہیں۔ اَور سمُندر کہتا ہے کہ وہ میرے پاس نہیں۔ 15 نہ وہ خالص سونے سے خریدی جا سکتی ہے۔ اَور اُس کی قیمت کے لئے چاندی تولی نہیں جاتی۔ 16 نہ اوفیر کا سونا اُس کا مول ہو سکتا ہے۔ نہ قیمتی سلیمانی پتّھرسے اَور نہ نیلم سے۔ 17 سونا یا قیمتی بلور اُس کےبرابر نہیں۔نہ سونے کے ظُروف اُس کے بدلے دیئے جا سکتے ہَیں۔ 18 مُونگے اَور بِلّور کا اُس کے ساتھ ذِکر نہ کِیا جائے گا۔ بلکہ حِکمَت مُرجان سے بڑھ کر ہے۔ 19 کُوش کا یاقُوت اُس کا ہم قدر نہیں۔ نہ خالِص سونا اُس کے برابر ہے۔ 20 پس حِکمَت کہاں سے آتی ہے اَور عقل کی جگہ کون سی ہے؟۔ 21 یقیناً وہ تمام زِندوں کی آنکھوں سے پوشیدہ ہے اَور آسمان کے پرندوں سے چھُپی ہُوئی ہے۔ 22 ہلاکت اَور مَوت کہتی ہیں۔ کہ ہم نے اپنے کانوں سے اُس کی شہرت سُن لی ہے۔ 23 خُدا اُس کی راہ کو دیکھتا ہے۔ اور اُس کے مکان سے واقِف ہے۔ 24 کیونکہ وہ زمین کی اِنتہا تک نظر کرتا ہے اَور آسمان کے نیچے کی سب چیزوں کو دیکھتا ہے۔ 25 جس وقت اُس نے ہُوا اَور پانی کو پیمانے سے ناپا۔ 26 جس وقت اُس نے بارش کےلئے قانوُن بنایا اَور بجلی کی کڑک کے لئے راہ ٹھہرائی۔ 27 اُس وقت اُس نے اُسے دیکھا اَور بیان کِیا اَور قائم کِیا اَور اُس کی تحِقیق کی۔ 28 اَور اُس نے اِنسان سے کہا کہ دیکھ ۔ خُدا کا خوف ہی حِکمَت ہے۔ اَور بَدی سے کنارہ کرنا ہی عقل ہے۔